نئی دہلی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کانگریس نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی’ٹوٹے ہوئے وعدوں کے پوسٹر بوائے ‘ ہیں۔کانگریس نے مودی حکومت کی کارکردگی پر حملہ بولتے ہوئے اسے جھوٹ کی حکمرانی قرار دیا۔کانگریس نے مودی کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم مودی ٹوٹے ہوئے وعدے کے پوسٹر بوائے بن گئے ہیں۔ان کی پوری حکومت اور سیاست فریب اور جھوٹ کی بنیاد پر بنی ہے۔اپوزیشن پارٹی نے کہا کہ اقتدار کے لیے تشہیر کرتے وقت مودی نے ہندوستانی عوام کے سامنے دنیا جہا ن کے وعدے کئے تھے اور پورے ملک میں سچ کی آڑ میں جھوٹ پھیلایا تھا، تاہم وزیر اعظم مودی کے دعووں کی گزشتہ دو سالوں میں پول کھل گئی ہے۔اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ مودی نے ایک سال میں 2 کروڑ ملازمتوں کا وعدہ کیا تھا، کانگریس پارٹی نے کہا کہ حقیقت میں انہوں نے محض 1.35لاکھ روزگار ہی مہیا کرایاہے ۔کانگریس نے اپنی ویب سائٹ پر لکھاکہ یہ اس کے بعد ہے کہ وہ کس طرح سے چلا رہے تھے کہ ان کی حکومت کے تحت ہندوستان کی معیشت کتنی تیزی سے بڑھ رہی ہے،نوکریاں کہاں ہیں؟ اس کے برعکس یو پی اے سرکار نے 2011میں 9 لاکھ روزگار تخلیق کئے تھے ۔کانگریس نے مودی کے ان حامیوں پر نشانہ سادھا جو یہ دعوی کرتے ہیں کہ ان کے بیرون ملکی دورے سے ملک کی ساکھ میں اضافہ ہواہے۔کانگریس نے حیرت کا اظہار کیا کہ ان کی خارجہ پالیسی کا کیا نتیجہ نکلا ہے۔پارٹی نے کہاکہ گرداس پور، پٹھان کوٹ،پمپور، 1000جنگ بندی کی خلاف ورزی مودی کی سفارت کاری کے براہ راست نتائج ہیں۔این ایس جی رکن بننے کی خواہش کی وجہ سے ہمیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔
کانگریس نے ساتھ ہی طنز کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی شاندار سفارت کاری کے تحت روس نے پاکستان سے اپنا ہتھیار کے کاروبار پر روک ہٹا لیا ہے ، چین پوری قوت سے پاکستان کی حمایت کر رہا ہے اور امریکہ پاکستان کو جنگی طیارے فروخت کرنے کے لیے تیار ہو گیا ہے۔اس نے کہاکہ ماہرین اب بھی جناب مودی کی خارجہ پالیسی کی کامیابی کی کہانی تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔کانگریس کی اس تبصرے کاعنوان ’بڑھتی ہوئی مہنگائی، بڑھتا عدم برداشت، روپیہ آئی سی یو میں، نوجوان لمبی قطار میں‘ہے۔کانگریس نے سوال کیاکہ کیا یہی اچھے دن ہیں جس کا وعدہ وزیر اعظم مودی نے کیا تھا؟ کانگریس نے الزام لگایا کہ مودی اور ان کی حکومت ہندوستان میں درمیانے اور کم آمدنی والے طبقات کے لیے ایک مصیبت رہے ہیں۔دالوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے لے کر انکم ٹیکس کی بنیاد بڑھا پانچ لاکھ روپے کرنے اور کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کے اپنے وعدے پر خاموشی تک مودی کو اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کرنے کی کوئی فکر نہیں ہے کیونکہ وہ دنیا کا دورہ کرنے میں بہت مصروف ہیں۔پارٹی نے کہا، آج خواتین کے خلاف جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے اورمودی کچھ کرنے کے قابل نہیں ہےں یاشاید کچھ بھی کرنے کے خواہش مند نہیں ہیں۔